انسانی کہانیاں عالمی تناظر

سوڈان: سلامتی کونسل کا الفاشر میں عسکری کارروائیاں روکنے کا مطالبہ

سوڈان میں مسلح گروہوں میں لڑائی چھڑ جانے کے بعد گھربار چھوڑنے پر مجبور لوگ مغربی ڈارفر کی ایک خیمہ بستی میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔
© UNOCHA/Mohamed Khalil
سوڈان میں مسلح گروہوں میں لڑائی چھڑ جانے کے بعد گھربار چھوڑنے پر مجبور لوگ مغربی ڈارفر کی ایک خیمہ بستی میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔

سوڈان: سلامتی کونسل کا الفاشر میں عسکری کارروائیاں روکنے کا مطالبہ

امن اور سلامتی

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان نے سوڈان کی ریاست شمالی ڈارفر کے دارالحکومت الفاشر میں بڑھتی کشیدگی اور عسکری کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ملک میں جنگ سے متاثرہ ہزاروں افراد نے نقل مکانی کر کے الفاشر میں پناہ لے رکھی ہے تاہم اب یہ علاقہ بھی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) اور اس کی اتحادی ملیشیاؤں کے حملوں کی زد میں ہے۔ گزشتہ دنوں ملیشیاؤں نے اس علاقے پر حملہ کر کے متعدد دیہاتوں کو جلا ڈالا تھا جس سے بڑے پیمانے پر مزید لوگوں کے بے گھر ہونے کا امکان ہے۔

الفاشر کو اقوام متحدہ کے امدادی مرکز کی حیثیت بھی حاصل رہی ہے اور یہاں کشیدگی سے وسیع علاقے میں امداد کی فراہمی بھی متاثر ہو گی جو پہلے ہی قحط کے خطرے سے دوچار ہے۔

پائیدار جنگ بندی کا مطالبہ

کونسل نے سوڈان کی مسلح افواج اور 'آر ایس ایف' سے کہا ہے کہ وہ علاقے میں عسکری سرگرمیاں روکنے کے اقدامات اٹھائیں اور کشیدگی میں کمی لانے کے لیے بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

سلامتی کونسل کے ارکان نے لڑائی کے فوری خاتمے اور پائیدار جنگ بندی پر زور دیا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک سے بھی کہا ہے کہ وہ بیرون ملک جنگ اور عدم استحکام پھیلانے سے گریز کریں اور دیرپا امن کے لیے کوششوں کی حمایت کریں۔ 

انہوں نے تنازع کے تمام فریقین اور رکن ممالک سے کہا ہے کہ وہ سلامتی کونسل کی قرارداد 1556 (2004) کے پیراگراف 7 اور 8 میں دی گئی شرائط اور قرارداد 2676 (2023) کے تحت ہتھیاروں پر پابندی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ 

فرقہ وارانہ تشدد کا خطرہ

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کہہ چکے ہیں کہ الفاشر پر حملہ شہریوں کے لیے تباہ کن ہو گا اور اس سے ڈارفر بھر میں بڑے پیمانے پر فرقہ وارانہ تشدد شروع ہو سکتا ہے۔ 

انہوں نے متحارب فریقین سے کہا ہے کہ وہ تمام دستیاب راستوں سے الفاشر میں امدادی اہلکاروں اور سامان کی محفوظ، تیزرفتار اور بلارکاوٹ رسائی یقینی بنانے میں مدد دیں۔